ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نجی اسپتالوں میں کورونا کے علاج کی شر ح متعین، 25؍جون کے کابینہ اجلاس میں منظوری دی جائے گی: وزیرصحت سری راملو

نجی اسپتالوں میں کورونا کے علاج کی شر ح متعین، 25؍جون کے کابینہ اجلاس میں منظوری دی جائے گی: وزیرصحت سری راملو

Sat, 20 Jun 2020 12:49:12    S.O. News Service

بنگلورو،20؍جون (ایس او نیوز)کورونا وائرس متاثرین کے پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کے لئے ریاستی حکومت نے شرحوں کاتعین کیاہے۔ کابینہ کے اگلے اجلاس میں ان شرحوں کو باضابطہ منظوری دی جائے گی، یہ اعلان جمعہ کے روز وزیرصحت بی سری راملو نے کیا۔

اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نجی اسپتالوں میں داخلہ لینے والے کورونامتاثرین کاعلاج کرنے کے لئے اسپتال شرح کا تعین پیکیج کی بنیاد پر کریں گے یا ہر ایک خدمت کے لئے الگ چارجس لئے جائیں گے، اس کا فیصلہ بھی طبی ماہرین سے مشورہ کے بعد لیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہیلتھ ٹاسک فورس کی میٹنگ میں نجی اسپتالو ں میں کورونا متاثرین کے علاج کے اخراجات طے کئے جاچکے ہیں۔فی الوقت ریاستی حکومت کی طرف سے تمام کورونا متاثرین کے علاج کے اخراجات برداشت کئے جارہے ہیں،آنے والے دنوں میں نجی اسپتالوں میں علاج کروانے کے لئے اگر متاثرین رجوع کریں گے تو ان پر یہ نئی شرحیں لاگو ہوں گی، ان میں سے اے پی ایل، بی پی ایل راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں سے اگر کوئی متاثر ہوجائے تو اس کے علاج کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ سری راملو نے بتایاکہ حکومت نے جونئی شرح طے کی ہے اس کے مطابق کورونا وائرس کے علاج کے لئے نجی اسپتال میں ایک کووِڈ ٹسٹ کے لئے 2600روپئے، روزانہ ایک بستر کے لئے 5200روپئے لئے جائیں گے۔ ڈرپس اوردیگر دواؤں کے لئے 7500روپئے اداکرنے ہوں گے۔ مریض کی حالت اگر بگڑ جائے اور آئی سی یو کی ضرورت پڑے تو اس کے لئے روزانہ 8500روپئے دینے پڑیں گے۔ ونٹی لیٹر درکار ہو تو روزانہ کی شرح 12ہزار روپئے اداکرنے ہوں گے۔ سری راملونے بتایاکہ 25جون کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں اس پر قطعی فیصلہ متوقع ہے۔


Share: